فاٹا کا انضمام قبائلی عوام کی رائے کے بغیر درست نہیں، جمعیت علماء اسلام (ف) اس حوالہ سے اپنے مؤقف پر قائم ہے، وفاقی وزیرمولانا امیر زمان

پیر 21 مئی 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ فاٹا کا انضمام قبائلی عوام کی رائے کے بغیر درست نہیں، جمعیت علماء اسلام (ف) فاٹا انضمام کے حوالہ سے اپنے مؤقف پر قائم ہے اس میں تبدیلی نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے حوالہ سے جمعیت علماء اسلام (ف) شروع دن سے اب تک اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اس حوالہ سے دلیل سے اپنے مطالبات پیش کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) چاہتی ہے کہ فاٹا کے عوام کو اختیار دیا جانا چاہئے کہ وہ صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام چاہتے ہیںیا وہ الگ صوبہ کے قیام کے حق میں ہیں۔ ہماری جماعت چاہتی ہے کہ فاٹا میں اس حوالے سے رائے شماری کرائی جائے تاکہ اس سے معلوم ہو سکے فاٹا کے عوام کیا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) موجودہ حالات میں فاٹا کے عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔