ڈی سی سکھر کا جی ایم ایم سی ہسپتال کا اچانک دورہ، انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت

منگل 29 مئی 2018 23:10

ْ سکھر۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے جی ایم ایم سی ہسپتال سکھر کا اچانک دورہ کیا اورسرجیکل وارڈز، چلڈرین وارڈ سمیت دیگر وارڈز کے ایئرکنڈیشن خراب ہونے اور صفائی ستھرائی سمیت حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور چلڈرین وارڈ میں ایک بیڈ پر 3-3مریض بچوں کو داخل کرنے کا سخت نوٹس لیا اور ہسپتال انتظامیہ پر سخت برہم ہوئے۔

انہوں نے لیبارٹری کے دورے کے دوران کٹ کے بغیر کام کرنے والے اٹینڈنٹ کو تنبیہ کی وہ ہسپتال میں اپنے فرائض ایمانداری سے نبھائیں اور عوام کی حقیقی خدمت کرنی چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے آئی سی یووارڈ میں مریض کم اور اٹینڈنٹنس اور مہمان زیادہ موجود ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور وارڈانچارج کو ہدایت کی کہ آئی سی یو انتہائی نگہداشت کا وارڈ ہوتا ہے اور اس میں لوگوں کی رش ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ڈی سی سکھر نے جی ایم سی ٹیچنگ ہاسپیٹل کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈ تک فوری پنہچ کیلئے مختلف مقامات پر سائن بورڈ لگوائے جائیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے رنگ روڈ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں۔ بعد میں ڈی سی سکھر نے قریشی گوٹھ میں ڈرینیج کے جاری کام کا معائنہ کیا اور ڈی سلٹنگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔