مسجد نبوی کے امام رواں برس کی نمائندہ مسلم شخصیت قرار

مدینہ کے مشہور عالم شیخ حُذیفی کاشمارمعروف اسلامی سکالرز اور انتہائی قابل احترام شخصیات میں ہوتا ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جون 2018 12:40

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جُون 2018ء) دُبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے 22ویں سالانہ مقابلے کے موقع پر مدینہ سے تعلق رکھنے والے نامور مسلمان عالم شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمان ال حُذیفی کو سال کی اہم ترین اسلامی شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ شیخ حُذیفی کو مسجد نبوی میں طویل عرصے سے اسلامی تعلیمات کا پرچار کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہیں سال کی اہم ترین شخصیت قرار دینے کا اعلان جمعة المبارک کے روز دوبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم بُو میلحا کی جانب سے سالانہ قرآن مقابلہ کے دوران کیا گیا۔

ابراہیم بُو ملیحا دُوبئی کے فرماں روا کے ثقافتی اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور کے مشیر بھی ہیں۔ابو ملیحا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ شیخ حُذیفی مسجد نبوی جیسے مقدس ترین مقام پر امامت کروانے کے علاوہ مُسلم اُمّہ کی اسلام شناسی میں بھی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اُمتِ مسلمہ کے لیے ترغیب کا ایک منبع ہیں۔ہم شیخ حُذیفی کو اُن کی اسلام اور قرآن مجید کی انتھک خدمات کے صلے میں اس اعزاز سے نواز رہے ہیں۔

یقینا اس اعزاز کا بخشا جانا اُن مسلمانوں کے لیے باعث مُسرت ہو گا جو اُن کی امامت میں نماز ادا کرتے ہیں اور اُن کی تلاوتِ قرآن پاک سے رُوح کو سرشار کرتے ہیں۔ اُن کی خوبصورت‘ آہستہ اور گہری تلاوتِ کلامِ پاک دِلوں کوبہت زیادہ چھو لینے والی ہے اور سُننے والوں پر ایمانی کیفیت طاری کر دیتی ہے۔ اُن کی تلاوت لوگوں کو روحانیت سے جوڑ دیتی ہے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے دُوبئی چیمبر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ شیخ حُذیفی نے الازہر یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لے رکھی ہے۔ وہ اسلامک یونیورسٹی میں قرأت اور دیگر شرعی علوم پڑھاتے ہیں۔ وہ مدینہ مصحف میں قرآنی نسخے سے متعلق سائنٹفک کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں‘ اس کے علاوہ وہ شاہ فہد قرآن پاک پرنٹنگ پریس میں تلاوت مصحف کی ریکارڈنگ کی ذمہ دار کمیٹی کے انچارج بھی ہیں۔

واضح رہے کہ شیخ حُذیفی کو دیا جانے والا ایوارڈ اسلامی دُنیا میں بہت معتبر خیال کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ پچھلے 22سال سے کلام پاک کے حوالے سے خدمات انجام دینے والے اداروں‘ عالموں اور دیگر اسلامی شخصیات کو دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بوسنیائی صدر عالی جاہ عزت بیگووچ‘ جامعہ الازہر کے پیش امام‘ ڈاکٹر احمد الطیب‘ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السُدیس اور مسجد الحرام کے پیش امام بھی اس ایوارڈ کے وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ایوارڈ دینے کی تقریب منگل کی شام کو منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :