چھوٹی عید۔۔۔بڑی تیاریاں،شہریوں کو صاف ستھری عید فراہم کرنے کیلئے البیراک کی جانب سے خصوصی صفائی آپریشنز کا آغاز

جمعرات 14 جون 2018 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی رمضان صفائی و آگاہی سرگرمیاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ اختتام ِ رمضان کے ساتھ ہی البیراک کی جانب سے عید اسپیشل کمپین کا آغاز کر دیا ہے۔ جامع مساجد ، عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عید کی نماز سے قبل جامع مساجد اور عید گاہوں کی اطراف میں خصوصی صفائی آپریشن کے بعد چونے کا چھڑکا ئو بھی کیا جائے گا۔

عید سے ایک روز قبل لاہور میں زیروویسٹ آپریشن کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور گندگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے۔ عید کے ایام میں بازاروں، مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر دن کے اوقات میں مکینکل سویپنگ جبکہ رات کے اوقات میں مکینکل واشنگ کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سینٹری عملہ عید پر متوقع بارش کے پیشِ نظر چوکنگ پوائنٹس پر بھی تعینات رہے گا۔

گلی محلے کی سطح پر سینٹری ورکرز روزانہ کی بنیاد پرمعمول کے مطابق ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مختلف یونین کونسلوں میں رکھے گئے ویسٹ کنٹینرز کو بھی بروقت خالی کیا جائے۔ البیراک سینٹری ورکرز عید گاہوں، پارکوں اور عوامی جگہات پر صفائی امور سر انجام دیں گے تا کہ تفریحی مقامات کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔صفائی سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔صفائی آپریشنز کی نگرانی کیلئے البیراک آپریشنل سٹاف ہیڈ آفس اور فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ واضح رہے کہ عید سے قبل یونین کونسلوں میں سینٹری ورکرز کو نئے یونیفارمز اور اضاٖفی وسائل فراہم کئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :