ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، کالی آندھی دوسری اننگز میں 93 رنز پر ڈھیر، سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 81 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں، سری لنکا کو فتح کیلئے مزید 63 رنز اور کالی آندھی کو 5 وکٹیں درکار، ہولڈر کی 4 وکٹیں

منگل 26 جون 2018 19:38

ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں ..
برج ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، میچ کے تیسرے روز بائولرز کا راج رہا اور مجموعی طور پر 20 وکٹیں گریں، ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز میں 93 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس نے سری لنکا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 144 رنز کا ہدف دیا، جواب میں سری لنکن ٹیم بھی دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لئے تھے، آئی لینڈرز کو فتح کیلئے مزید 63 رنز اور کالی آندھی کو 5 وکٹیں درکار ہیں، دریں اثناء سری لنکن ٹیم ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 204 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

برج ٹائون میں جاری تیسرے اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 99 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈکویلا 13 اور روشن سلوا 3 رنز پر کھیل رہے تھے، 118 کے سکور پر روشن سلوا 11 رنز بنا کر چلتے بنے، 147 کے سکور پر سری لنکا کی ساتویں وکٹ گری جب ڈکویلا 42 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، سرنگا لکمل، راجیتھا اور کمارا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اسطرح سری لنکا کی پوری ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی، دلروون پریرا 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جیسن ہولڈر نے 4 شینن گبرائل نے 3 اور کیمر روچ نے 2 وکٹیں لیں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 93 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، روچ 23 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈورچ 16، کپتان ہولڈر 15، میگل کمنز 14، بریتھویٹ 2، سمتھ صفر، پاویل 7، ہوپ صفر، چیس 5، بیشو صفر اور گبرائل 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سرنگا لکمل اور راجیتھا نے 3، 3، کمارا نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی، جواب میں سری لنکن ٹیم نے 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 81 رنز بنا لئے تھے، سری لنکا کو کامیابی کیلئے 63 رنز اور کالی آندھی کو 5 وکٹوں کی ضرورت ہے، گونا تھلیکا 21، اوداوتے صفر، ڈی سلوا 17، سلوا ایک اور ڈکویلا 6 رنز بنا کر چلتے بنے، مینڈس 25 اور پریرا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ہولڈر نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :