ملک سے منشیات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور ہر پاکستانی کو اس کے خاتمہ میں کردار ادا کرنا ہو گا، ڈائریکٹر جنرل اے این ایف

بدھ 27 جون 2018 20:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلا ل امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ ملک سے منشیات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور ہر پاکستانی کو اس کے خاتمہ میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ پوسٹرز کی نمائش ’’نشے سے انکار، زندگی سے پیار‘‘ کے افتتاح کے بعد تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاک صاف اورصحت مند معاشرہ ملکی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظررکھیں اور اسلامی اصولوں کے مطابق ان کی تربیت کریں۔ ناہید منظورکا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے منشیات کا خاتمہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمہ میں اینٹی نارکوٹکس کا اہم کردار ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انعامات جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس آگاہی مہم سے کم ازکم 90 گھرانوں میں پیغام پہنچے گا۔ معروف آرٹسٹ مسعودخواجہ نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔جوائنٹ ڈائریکٹر اے این ایف محمد ریاض سومرو اور دیگر افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پوسٹرز بنانے کے مقابلہ میں شمائلہ نے پہلی، شہلا نے دوسری ،سونم نوازنے تیسری اور علینہ اظہر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

اس کے علاوہ 10 حوصلہ افزائی کے انعامات بھی دیئے گئے۔ مقابلہ میں 90 طلباء و طالبات شریک ہوئیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک نے پوسٹرز بنانے کے مقابلہ کے شرکاء میں نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ پوسٹرزکی یہ نمائش ایک ہفتہ تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :