ایئر کولرز و الیکٹرک واٹر کولرز سے ڈینگی لاروے کی برآمد پر تمام اداروں اور شہریوں کو فوری تدارکی اقدامات کی ہدایت

پیر 9 جولائی 2018 15:35

فیصل آباد۔9 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2018ء) فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی سرویلنس کے دوران ایئر کولرز اور الیکٹرک واٹر کولرز سے ڈینگی لاروے کی برآمد پر تمام اداروں و شہریوں کو فوری تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر واٹر کولرز کی صفائی کویقینی بنائیں کیونکہ انسداد ڈینگی سرویلنس کے دوران زیادہ تر ایئر کولرز اور واٹر کولرز سے ڈینگی لاروا برآمد ہو رہا ہے جو کہ ڈینگی مچھر کے پھیلائو کے سلسلے میں انتہائی خطرے کا باعث ہے۔

ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے منعقدہ اجلاس کے دوران ایئر کولرز اور واٹر کولرز سے لاروا برآمد ہونے کے مسئلے کی نشاندہی کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ضلعی کوآرڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی نے ڈینگی کے خلاف اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی ۔

صدر اجلاس نے شہریوں سے کہا کہ وہ پانی کی ٹینکیوں پر آٹو میٹک سوئچ ضرور لگوائیں تاکہ اوورفلو کی وجہ سے کھڑے پانی میں لاروا کی افزائش کے خدشات کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات اور موجودہ درجہ حرارت میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہٰذ ا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی سنجیدہ انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی مستقبل میں ان کی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتی ہے لہٰذ ا محکمانہ فرائض کو نیکی کے جذبے کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ ڈینگی کے پھیلائو کا اندیشہ نہ رہے۔

انہوں نے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کے سلسلے میں شہریوں سے آگاہی پیدا کرنے کے پروگرامزپرتسلسل کے ساتھ عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں،نرسریوں،ٹائر شاپس،کباڑخانوں اور ڈینگی کے خطرات کی دیگر جگہیں انسداد ڈینگی ٹیموں کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونی چاہئیں ۔

متعلقہ عنوان :