فیصل ۱ٓباد کے 8داخلی راستوں پر عید الا ضحیٰ کے سلسلہ میں قربانی کے جانوروں کی سکریننگ کیلئے نگران چوکیاں قائم

بدھ 15 اگست 2018 15:23

فیصل آباد۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) فیصل ۱ٓباد شہر کے 8داخلی راستوں پر عید الا ضحی کے سلسلہ میں قربانی کے جانوروں کی سکریننگ کیلئے نگران چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں اور جانوروں کو چیچڑوں سے بچا نے کیلئے سپرے اور ویکسینیشن کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ فیصل ۱ٓباد میں عید قربان کے سلسلہ میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے 9عارضی سیل پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں جن میں سے دو کا انتظام وانصرام میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کیا جائے گاجن میں نڑوالا روڈ بائی پاس چک نمبر58ج ب اورنزد بائی پاس چوک ستیانہ روڈ چک نمبر239ر ب شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے قربانی کے جانوروں کی مرکزی منڈی میلہ منڈی گرائونڈ چک نمبر235ر ب نیاموآنہ سمندری روڈمیں قائم کی گئی ہے جبکہ سمندری،جڑانوالہ،تاندلیانوالہ،چک جھمرہ،ماموں کانجن اور کھرڑیانوالہ کی میونسپل کمیٹیز کے زیراہتمام بھی قربانی کے جانوروں کے لئے عارضی سیل پوائنٹس کا بندوبست کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ جڑانوالہ میں بینظیر پارک نزدریلوے اسٹیشن،کھرڑیانوالہ میں سیم نالہ روڈ، سمندری میں نئی سبزی منڈی سے متصلہ فیصل آباد روڈ،میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ میں مویشی منڈی ہاکی گرائونڈ کینال روڈ،ماموں کانجن میں بنگلہ چوک بکرمنڈی اورچک جھمرہ میں واٹر ورکس نزد سہولت بازار چنیوٹ روڈ میںعارضی سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔

دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی ہدایت پر عارضی سیل پوائنٹس کے انعقاد اور ضروری انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)کی زیرصدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل،جنرل منیجر ایڈمن فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ،میونسپل آفیسر میونسپل کارپوریشن ،میونسپل کمیٹیز کے افسران،ریسکیو 1122،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پارکنگ کمپنی،سول ڈیفنس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

صدراجلاس نے مویشی منڈیوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی،پارکنگ،ٹریفک مینجمنٹ سمیت دیگر ضروری انتظامات کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مکھی ومچھر مار اورکانگو وائرس کے لئے سپرے،ویٹرنری ڈسپنسری اورمیڈیکل کیمپس میں ادویات اور سٹاف کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔