نیب نے تنقید سے بچنے کیلئے نامکمل کارکردگی رپورٹ جاری کردی

یہ ایک مکمل رپورٹ نہیں ،ْ معمول کے مطابق کچھ اعداد و شمار کو میڈیا کے ساتھ شیئر کرنا تھا ،ْ ترجمان کی تصدیق

اتوار 23 ستمبر 2018 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء)ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کی رہائی پر تنقید کا سامنا کرنے والے قومی احتساب بیورو (نیب) نے بظاہر تنقید کا رخ موڑنے کیلئے ایک نامکمل کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس بارے میں ایک نیب ترجمان نے تسلیم کیا کہ یہ ایک مکمل رپورٹ نہیں ہے لیکن معمول کے مطابق کچھ اعداد و شمار کو میڈیا کے ساتھ شیئر کرنا تھا تاہم حالیہ اعداد و شمار سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر جاری ہونے والی نیب کی عام کارکردگی رپورٹ کے برعکس ہیں اور اس میں 11 ماہ کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ بھی شامل نہیں ۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2017 سے 11 ماہ کے دوران 476 قیدیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف احتساب عدالتوں میں پلی بارگین سمیت 340 ریفرنس دائر کیے اور 72 افراد کو عدالتوں سے سزا ملی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق 11 ماہ کے دوران نیب نے 2 ارب 41 کروڑ روپے کی وصولی کی جبکہ اس دوران سزاؤں کی شرح 77 فیصد رہی تاہم نیب کی ویب سائٹ پر موجود سہ ماہی رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون 2018 کے دوران سزاؤں کی شرح 50 فیصد سے زیادہ تھی۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے نیب کے پروسیکیوشن نے 94 کیسز دائر کیے، جن میں سے احتساب عدالتوں نے 78 کیسز کا فیصلہ کیا، جس میں 40 میں سزا دی گئی اور 23 کیسز میں ملزمان کو بری کیا گیا جبکہ 12 کیسز کو دیگر ریفرنس کے ساتھ ملا دیا گیا۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے ایک ہزار 194 ریفرنس دائر کیے گئے جو احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔