امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ای میل میں بلی کی تصویر بھیجے جانے پر معذرت

پیر 15 اکتوبر 2018 15:41

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء)امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ای میل میں بلی کی تصویر بھیجے جانے پر معذرت کر لی گئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو اٴْس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑگیا، جب آفیشل ای میل آئی ڈی سے آسٹریلیا میں بعض افراد کو ایک بلی کی تصویر پر مشتمل ای میل موصول ہوئی جس میں ایک جعلی میٹنگ کی دعوت دی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میٹنگ کے عنوان سے ایک آفیشل ای میل بھیجی گئی جس میں ایک بلی کی تصویر موجود تھی، جو کہ کوکی مونسٹر کاسٹیوم میں ملبوس تھی جبکہ بلی کی تصویر کا عنوان کیٹ پاجاما پارٹی تھا۔بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں واقع امریکی سفارت خانے نے ای میل بھیجے جانے کو 'تربیتی غلطی' قرار دیکر انتہائی پر مزاح انداز میں معذرت کی۔

(جاری ہے)

امریکی مشن برائے آسٹریلیا پبلک افیئرز کونسلر گیون سنڈوال نے مذکورہ ای میل کے 2 دن بعد ایک اور ایک میل بھیجی جس میں انہوں نے لکھاکہ وہ تمام افراد جو کیٹ پاجاما پارٹی میں شرکت کیلئے پر امید تھے، انہیں یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ ہم اس طرح کی پارٹیز کا انعقاد نہیں کرتے۔لکھا گیاکہ وہ ای امیل ہمارے عملے کے ایک زیر تربیت نئے رکن کی جانب سے کی گئی ۔اس ای میل میں جس بلی کی تصویر شائع ہوئی، وہ دراصل میلبورن میں مقیم ایک خاتون جینیفر اسٹیوارٹ کی ہے، جو اپنی بلی کی مختلف طرح کے لباس میں تصاویر لے کر انہیں @my_furry_babiesکے نام سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتی ہیں۔