ایتھوپیا میں زرد بخار سے دس افراد کی موت نے ہنگامی صورتحال اختیار کرلی ہے ، عالمی ادارہ صحت

ادارہ ہنگامی اسٹاک سے اس مرض کی 14.5لاکھ ویکسین استعمال کیلئے نکال رہی ہے ،خطّے میں تنازع اور لڑائی کے سبب مرض کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ ہے، رپورٹ

بدھ 7 نومبر 2018 16:20

ایتھوپیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2018ء)عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا کے جنوب مغرب میں زرد بخار میں مبتلا دس افراد کی موت کے بعد وہ اپنے ہنگامی اسٹاک سے اس مرض کی 14.5 لاکھ ویکسین استعمال کے لیے نکال رہی ہے۔وولیٹا زون میں اس جان لیوا مرض کے پھوٹ پڑنے کی تصدیق ہو گئی ہے جو مچھروں کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔ رواں برس 21 اگست کو پہلے مریض کی تشخیص کے بعد سے اب تک 35 مریضوں کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے کیوں کہ ایتھوپیا کے لوگوں کو بڑے پیمانے پر اس مرض کی ویکسین نہیں دی گئی۔زرد بخار کی علامتوں میں تیز بخار، سر درد، رنگت کا پیلا پڑ جانا، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، نیم بے ہوشی، متلی اور قے شامل ہے۔اگرچہ زرد بخار کے مریضوں میں نسبتا بہت کم تعداد میں خطرناک حد تک علامات کا ظہور ہوتا ہے تاہم ان میں سے نصف لوگ سات سے دس روز کے اندر وفات پا جاتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ خطّے میں تنازع اور لڑائی کے سبب مرض کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ ہے۔