خارجہ امور سے متعلق مشاورتی کونسل قائم کر دی گئی، وزیر اعظم نے مشاورتی کونسل کے قیام کی باضابطہ منظوری دیدی

جمعہ 28 دسمبر 2018 19:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2018ء) خارجہ امور سے متعلق مشاورتی کونسل قائم کر دی گئی ،وزیر اعظم نے مشاورتی کونسل کے قیام کی باضابطہ منظوری دیدی۔کونسل خارجہ پالیسی کے بارے میں غیر جانبدارانہ رائے مہیا کرے گی۔ ایڈوائزری کونسل تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے اس میں سابق سفراء اور فارن سیکرٹری بھی شامل ہیں یہ تمام سفارتکار، اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر اپنی ماہرانہ آراء دیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کونسل کے چیئر مین ہونگے جبکہ کونسل کے ارکان میں سابق سفرا سلمان بشیر، جلیل عباس جیلانی، اشرف جہانگیر قاضی، محمد صادق، ڈاکٹر رفعت حسین، ڈاکٹر ہماباقی،ڈاکٹر حسن عسکری رضوی،ڈاکٹر عادل نجم،ڈاکٹر رابیعہ اختر اور قاسم نیاز اور بر بنائے عہدہ ارکان میں وزیر قانون و انصاف،وزیر خزانہ،مشیر تجارت،ٹیکسٹائل و صنعت و پیداوار،وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات،سیکرٹری خارجہ،ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد،ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی اور ایڈیشنل سیکرٹری فارن منسٹر آفس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کونسل کے تمام ارکان اعزای بنیادوں پر خدمات سرانجام دینگے اور ضرورت پڑنے پر وزیر خارجہ متعلقہ شعبے میں اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر ایڈہاک اضافی کونسل ارکان تعینات کر سکیں گے۔