شفا میں خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد

خواتین جودنیا کی کل آباد ی کا نصف سے زائدہیں اور خاندان اور برادری میں وجہ ِربط ہوتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں انکے مساوی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، مقررین کا خطاب

جمعہ 8 مارچ 2019 21:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2019ء) خواتین جودنیا کی کل آباد ی کا نصف سے زائدہیں اور خاندان اور برادری میں وجہ ِربط ہوتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں انکے مساوی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام شعبہ ہائے زندگی بشمول معاشرتی، معاشی، سماجی، کلچر اور سیاست میں خواتین کی کامیابیوںکو تسلیم کرتے ہوئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں خواتین کا بین الاقوامی دن (8مارچ )بڑے جوش وخروش کے ساتھ منایا۔

سال2019کا تھیم "بہتری کیلئے توازن" مساوات اور با اختیار خواتین بالخصوص معاشرتی نظام میں تحفظ، عوامی خدمات تک رسائی اور پائیدار ڈھانچے کے حصول کیلئے درکار محرکات کی جانب توجہ مرکوز کرواتا ہے ۔سینیٹر(چئیرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن براڈ کاسٹنگ اینڈ ہیری ٹیج ) فیصل جاوید خان پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اپنے مقا صد کے حصول کیلئے کی گئی کوششوںپر روشنی ڈالی اورحاضرین کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنے مقصد کے حصول کیلئے بلا تفریق ملکی ترقی میںاپنا بھر پور کردار ادا کریں۔انہوں نے خواتین کے مساوی حقوق اور انہیں با اختیار بنانے کے لیے حکومت کے مشن اور کوششوں کا اعادہ کیا۔ دوسرے مقررین میںڈاکٹر زرینہ حسن (قوت بصارت سے محروم کوہ پیما، پینٹر اور سماجی ورکر) اور ثمر خان (پاکستانی مہم جو اتھلیٹ) کو خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو معلومات، صحت اورمساوی حقوق، تعلیم، روزگار اور زندگی کے باقی تمام شعبوں تک رسائی کیلئے حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تا کہ وہ باقی مردو خواتین کی طرح زندگی گزار سکیں۔شفا انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، ڈاکٹر منظور الحق قا ضی نے خواتین کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور کردار کو سراہا۔ انہوں نے شفا انٹرنیشنل کے کارپریٹ مشن کو اجاگر کیا، جس کے تحت تمام خواتین ملازمین کو محفوظ اور مساوی حقوق پر مبنیٰ ماحول فراہم کرنا، ادارے کی اوّلین ترجیح ہے۔پروگرام کے اختتام پرر ہسپتال میں کام کرنے والی قابل ذکر خواتین کو حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :