ابو ظہبی: پلاسٹک سرجری کے چکر میں خاتون کو طلاق ہو گئی

خاوند کو بیوی کا بدلا ہوا چہرا ایک آنکھ نہ بھایا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 مارچ 2019 13:18

ابو ظہبی: پلاسٹک سرجری کے چکر میں خاتون کو طلاق ہو گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ 2019ء) خوبصورت اور حسین نظر آنا ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے۔ اکثر خواتین ڈھلتی عمر کے ہاتھوں اپنے حُسن و جوانی کے زوال پر بہت رنجیدہ ہو جاتی ہیں۔ اور دوبارہ سے جوان اور حسین نظر آنے کے چکر میں مہنگی مہنگی کاسمیٹکس کا استعمال بھی کرتی ہیں، جس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔ اور جو خواتین مالی طور پر خوش حال ہوتی ہیں، وہ پلاسٹک سرجری کے ذریعے اپنی جوانی کو لوٹانے کا راستہ اپناتی ہیں۔

ابو ظہبی میں بھی ایک خاتون نے کچھ ایسا ہی کرنے کی ٹھان لی۔ اس خواہش کی خاطر اُس نے ایسے وقت کا انتخاب کیا جب اُس کا خاوند کاروباری مصروفیت کے سلسلے میں دو ماہ کے لیے امارات سے باہر گیا ہوا تھا۔ خاتون کا ارادہ دراصل اپنے خاوند کو سرپرائز دینے کا تھا، مگر اُسے کیا معلوم تھا کہ اُس کا یہ سرپرائز اُسے زندگی کے سب سے بڑے اور ناقابلِ یقین صدمے سے دوچار کر دے گا۔

(جاری ہے)

خاتون نے خود کو پُرکشش اور جاذبِ نظر بنانے کی خاطر العین کے ایک اسپتال سے خاوند کی غیر موجودگی میں چہرے کی پلاسٹک سرجری کروا ڈالی اور بہت مُسرت کے ساتھ خاوند کی واپسی کا انتظار کرنے لگی۔ خاوند جب واپس آیا تو خاتون کے چہرے کی جھُریاں غائب دیکھ کر بجائے خوش ہونے کے غضب ناک ہو گیا۔ اُس نے اپنی سالوں کی رفیقۂ حیات کو طلاق دینے کے لیے العین کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

جہاں شوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ اُسے نیچرل بیوٹی (قدرتی حُسن) پسند ہے اور پلاسٹک سرجری کروانے والی خواتین سے شدید نفرت کرتا ہے۔ دُوسری جانب خاتون نے عدالت کے رُوبرو کہا کہ اُس نے ڈاکٹرز کے کہنے پر پلاسٹک سرجری کروائی تھی، اگر اُس کے خاوند کو ایسا کرنا بُرا لگا ہے تو وہ اُس سے معافی مانگتی ہے۔ تاہم خاوند اپنی بیوی کوبحالی حُسن کی اس کوشش پر معاف کرنے کو تیار نہ ہوا۔ جب مصالحت کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں تو عدالت کی جانب سے خاوند کے حق میں طلاق کی ڈگری جاری کر دی گئی۔ واضح رہے کہ امارات میں معمولی باتوں پر طلاق اور خلع کوئی نئی بات نہیں ہے، گزشتہ سال دسمبر میں ا یک اماراتی خاتون نے شوہر کی جانب سے 50 درہم کا بیلنس لوڈ نہ کروانے پر خلع مانگ لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :