اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش وجذبے سے منایاگیا

اتوار 21 اپریل 2019 15:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) ملک کے دیگرحصوں کی طرح جڑواں شہروں(اسلام آباد اور راولپنڈی) میں اتوار کو مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش وجذبے سے منایا،مسیحی رہائشی بستیوں اورگرجاگھروں میں علی الصبح سے عبادات اور روایتی اجتماعات کاسلسلہ جاری رہا۔عیسوی کیلنڈر میں ایسٹر ایک انتہائی متبرک دن ہے جو مسیحیوں کے عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی اپنی موت کے تین دن بعد دوبارہ جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اورراولپنڈی کے گرجاگھروں میں ایسٹر کے حوالے سے خصوصی تقریبات میں مسیحی برادری نے شرکت کی،مسیحی بستیوں میں بھی ایسٹر کے حوالے تقریبات منعقد ہوئیں۔ مسیحی برادری ایسٹر کی مناسبت سے مختلف مذہبی،ثقافتی اوردعائیہ تقاریب منعقد کرتی ہے،ان میں انڈوں کو مختلف رنگوں سے سجانے کا تہواربھی شامل ہے۔گرجاگھروں کے علاوہ جڑواں شہروں کے اہم تفریحی مقامات پر بھی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کا رش رہا جن میں خواتین ، نوجوانوں اوربالخصوص بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ ایسٹر کے موقع پر ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

متعلقہ عنوان :