ہائیکورٹ میں کاز لسٹ کی منسوخی کے باعث انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے معاملے پر کیس کی سماعت نہ ہو سکی

جمعرات 2 مئی 2019 14:40

ہائیکورٹ میں کاز لسٹ کی منسوخی کے باعث انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ میں انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے معاملے پر محکمہ صحت کے رولز قانون سے متصادم ہونے کیخلاف درخواست پر سماعت کاز لسٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے نہ ہوسکی،عدالت نے حکومت اور محکمہ صحت کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں،جسٹس شکیل الرحمن نے نعیم صدیق کی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنا رکھاہے کہ محکمہ صحت کے رولز انسانی اعضا کی پیوندکاری ایکٹ 2010ء کے برخلاف بنائے گئے ہیں، قانون میں متعلقہ کمیٹی کی منظوری کے بعد غیر رشتہ دار کو گردے عطیہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، محکمہ صحت کے رولز غیر رشتہ دار کو گردے عطیہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے، درخواست گزار کی آٹھ سالہ بچی کیلئے گردے پیوندکاری کرانا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ رولز کے تحت غیر رشتہ دار گردہ عطیہ نہیں کرسکتا، محکمہ صحت کے رولز اور قانون متصادم ہونے کی وجہ سے گردوں کی پیوند کاری نہیں ہورہی۔

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ محکمہ صحت کے رولز کو قانون کے مطابق بنانے کا حکم دیا جائے اور درخواست گزار کی آٹھ سالہ بیٹی کو غیر رشتہ دار سے گردہ لینے کی اجازت دی جائے۔