پاکستان نیوی صاف فضا اور سرسبز ماحول کے بقا کے لئے پر عزم ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا ماحول کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

صاف فضا کی افادیت کو اُجاگر کرنے اور ماحول کی حفاظت و بقا کی آگہی کے لئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن نہایت جوش و خروش سے منایا

ہفتہ 8 جون 2019 11:43

پاکستان نیوی صاف فضا اور سرسبز ماحول کے بقا کے لئے پر عزم ہے۔ پاک بحریہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2019ء) صاف فضا کی افادیت کو اُجاگر کرنے اور ماحول کی حفاظت و بقا کی آگہی کے لئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن نہایت جوش و خروش سے منایا ۔
    اقوامِ متحدہ کے انوائرمنٹ پروگرام(UNEP) کے تحت ہر سال 5 جون کو دنیا بھر میں ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد ہر سال ایک الگ موضوع کے تحت صاف ماحول کی اہمیت کی طرف عالمی توجہ مرکوز کروانا اور ماحول کے تحفظ کے لئے غوروحوض اور کاوشوں کو ترغیب دینا ہے ۔


اس سال کے ماحول کے عالمی دن کا موضوع" فضائی آلودگی" ہے جو انسانوں کے لئے باعثِ تشویش ہے۔فضا میں آلودگی کا باعث بننے والے اجزاء اسٹروک، دائمی سانس کی بیماریاں اور پھیپھڑوں کے کینسر سے ہونے والی ایک تہائی اموات کا باعث ہیں اوردل کی بیماریوں سے ہونے والی ہلاکتوں کا ایک چوتھائی کا سبب بھی یہ اجزاء ہیں۔

(جاری ہے)


    پاک بحریہ ماحول کا عالمی دن تسلسل کے ساتھ مناتی ہے ۔

اس دن کی افادیت کو اُجاگر کرنے کے لئے پاک بحریہ مختلف سرگرمیوں کا انعقادکرتی ہے جن کا مقصد ماحول کی اہمیت کو اُجاگر کرنا اور عوام الناس، متعلقہ اداروں اور محکموں میں آگہی کا فروغ ہے۔ ان سرگرمیوں کے انعقاد کا مقصد ایک جگہ متحد ہوکر انرجی کے متبادل ذرائع کی تلاش اور گرین ٹیکنالوجیز پر عمل درآمد ہے تاکہ ہم اپنے ماحول کو صاف بنا سکیں اور جس فضا میں ہم سانس لیتے ہیں، کے معیار کو بہتر بنائیں۔

ان سرگرمیوں میں شجرکاری اور ساحل کی صفائی کی مہمات، ماحول کے متعلق آگہی واک، دن کی اہمیت کے متعلق سیمینارزو لیکچرز کا انعقاد اور سوشل میڈیا مہم شامل ہیں۔ اس طرز کی سرگرمیاں عام لوگوں میں شعوروآگہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
    عالمی یومِ ماحول کے دن پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں صاف اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے خصوصاًفضائی آلودگی کی روک تھام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزم کا اظہار کیاہے۔ نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارا طرز عمل ماحول کو محفوظ بنانے کے اُصولوں کے مطابق ہونا چاہئیے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ اس نیک مقصد کے حصول میں اپنا واجب کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :