اسلام آباد ہائی کورٹ ، پیمرا کی جانب سے نئے ٹی وی چینلز لائسنس کے اجراء کے خلاف پی بی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پیر 10 جون 2019 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے نئے ٹی وی چینلز لائسنس کے اجراء کے خلاف پی بی اے کی جانب سے ایک اور دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔ پیر کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران پی بی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے پی بی اے کی درخواست کو سماعت کے بعد خارج کر دیا، پی بی اے نے نئے ٹی وی چینلز لائسنس کی نیلامی چیلنج کی ہے، پی بی اے نے نئے ٹی وی چینلز لائسنس اور نیلامی کے عمل کی شفافیت کو چیلنج کیا ہے، موجودہ حالت میں کیبل آپریٹر من مانی کر کے کسی بھی چینل کو آن آئیر اور آف آئیر کر سکتا ہے، کچھ چینلز اینا لاگ اور ڈیجیٹل ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پہلے سے آن آئیر ٹی وی چینلز نئے ٹی وی چینلز کی آمد کے بعد متاثر نہیں ہونے چاہئے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ چیرمین پیمرا اور بورڈ حلفیہ بیان عدالت میں جمع کرائیں۔پہلے سے آن آئیر ٹی وی چینلز متاثر نا ہونے کے حوالے سے پیمرا حلفیہ بیان جمع عدالت میں جمع کرا دیا۔پی بی اے کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل صدیقی عدالت میں پیش ہوئے ۔ پیمرا کے وکیل نے دلائل دیئے کہ 124 کو لائسنس دے چکے ہیں 147 کو لائسنس دینے کا عمل جاری ہے،5 ارب 29 کروڑ روپے لائسنس کی مد میں حاصل ہوئے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔