نیشنل بٴْک فائونڈیشن کے عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات

پیر 15 جولائی 2019 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) نیشنل بٴْک فائونڈیشن (این بی ایف) عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کررہا ہے اور شہریوں بالخصوص طالب علموں کو آگاہ کرنے کی ایسی موثر حکمت عملی اپنائی جارہی ہے تاکہ وہ کم قیمت پر کتب کی فراہمی کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔

ذرائع کے مطابق کتب بینی کے فروغ کے لئے این بی ایف ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایف سیون جناح سپر مارکیٹ میں شہرکتاب، ریڈنگ روم اور کتاب کیفے قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ساڑھے چار سو کتابیں شائع کی گئی ہیں اور ریڈرز کلب اور دیگر کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور طالب علموں کو نصابی اور دیگر کتب پر کم ازکم دس فیصد سے لے کر پچاس فیصد تک رعایت پر کتب فراہم کی جارہی ہیں۔ این بی ایف کے زیراہتمام ریلوے اسٹیشنوں اور ایئرپورٹس پر بھی بک شاپس قائم کی گئی ہیں۔جبکہ موبائل بک شاپس بھی موجود ہیں۔ان تمام اقدامات کا مقصد ملک میں کتب بینی کو فروغ دینا ہے۔