آج کل کی لڑکیوں کی طلاق گول روٹی نہ بنانے کی وجہ سے ہوتی ہے

سوشل میڈیا پر رشتہ آنٹی کی ویڈیو وائرل ، خاتون صارف نے کرارا جواب بھی دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 اگست 2019 14:49

آج کل کی لڑکیوں کی طلاق گول روٹی نہ بنانے کی وجہ سے ہوتی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2019ء) : سوشل میڈیا پر حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک رشتہ آنٹی نے گول روٹی نہ بنانے کو لڑکیوں کی طلاق کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔ مسز خان نامی اس خاتون نے طلاق سے بچوں پر ہونے والے ذہنی اثرات پر بات کرنے کی بجائے طلاق کی ممکنہ وجوہات سے متعلق بات کرنا شروع کر دی اور لڑکیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مسز خان کا کہنا تھا کہ عورت کو شروع سے ہی یہ سکھایا جاتا تھا کہ اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھو اور اسے زیادہ نہ چلاؤ ۔ اگر عورت اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھے گی تو اس طرح کے ایشوز زیادہ نہیں بڑھیں گی۔ یہ ایشوز بڑھتے ہی تب ہیں جب عورت زبان زیادہ کھولتی ہے اور شوہر اور ساس پر غالب آنے کی کوشش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں بتایا جاتا تھا کہ شوہر آیا ہے اُس کے جوتے اور اُس کے کپڑے سلیقے سے رکھے جائیں ،توا چڑھا ہوا ہو اور سالن بنا ہوا ہو کہ آپ اُس کو گرم گرم روٹی بنا کر دیں ۔

آج کل کی لڑکیاں کہتی ہیں کہ ہم روٹی نہیں بنائیں گی تو کوئی ان سے پوچھے کہ شادی کیوں کی تھی ؟ اگر آپ اپنے شوہر اور اپنے بچوں کا خیال رکھنے کے قابل نہیں ہیں تو پھر شادی بھی مت کریں۔ آپ کو سب کچھ برداشت کرنا پڑے گا۔ ایک مکمل عورت بننے تک آپ کو شادی نہیں کرنی چاہئیے۔ شادی ایک ذمہ داری ہے۔ لڑکیاں کیا اپنے گھروں میں کھانا نہیں بناتیں ؟ انہوں نے کہا کہ آج کل کی عورتیں شوہر کے سامنے بہت منہ چلاتی ہیں پھر چاہے وہ غریب گھر کی ہو ، اونچے گھر کی ہو یا پھر مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھتی ہو۔

آج کل لڑکیاں ٹی وی دیکھ دیکھ کر زبان چلاتی ہیں۔ مسز خان کی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: مسز خان کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو ایک خاتون صارف نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔ خاتون صارف نے مسز خان کی باتوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خود مسز خان کے گھر بھی نوکر چاکر ہیں۔ لڑکیوں کو اس طرح کی باتیں کرنے والی خاتون مسز خان نے کبھی خود اپنے شوہر کے جوتے سیدھے نہیں کیے ہوں گے۔ خاتون صارف نے مسز خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے والدین کو بھی متنبہ کیا کہ وہ مسز خان جیسی خواتین کے پیچھے لگ کر اپنی بیٹیوں کی زندگیاں نہ خراب کریں۔ مسز خان کو سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں آڑے ہاتھوں لینے والی لڑکی کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: