اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کے لئے علیحدہ وارڈز قائم کردئے گئے ہیں ،وفاقی سیکرٹری صحت

بدھ 4 ستمبر 2019 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی سے بچائو اور اس کے علاج کے حوالے سے علیحدہ ڈینگی وارڈز قائم کئے گئے ہیں، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی خصوصی ہدایت پرگزشتہ روز اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ اجلاس میں راولپنڈی و اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، ڈی جی ہیلتھ آفس سے ماہرین اور ڈینگی فیور کے فوکل پرسنز اور ہسپتال کی انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے صحت کے متعلقہ حکام سے قریبی رابطہ میں رہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے خاتمہ کے ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مچھروں کی افزائش کی جگہ کی نشاندہی کرکے سپرے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔ مختلف جگہوں سے ٹائر ہٹائے گئے ہیں، پلاسٹک کی بوتلیں اور کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کا کام جاری ہے، اس سلسلہ میں لیڈی ہیلتھ ورکر کی136 اور سینٹری انسپکٹرز اور ملیریا سپروائزر کی چھ ٹیمیں پوری تندہی سے کام کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :