18 ویں فیفا انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ میں (آج) چار میچ کھیلے جائیں گے

پیر 28 اکتوبر 2019 11:00

برازیلیہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2019ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 18 ویں انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں (آج) منگل کو چار میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق فیفا انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ برازیل میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین فٹ بال کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں (آج) منگل کو چار میچز کھیلے جائیں گے اور پہلا میچ سپین اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں سولومن جزائر اور اٹلی کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی، تیسرے میچ میں تاجکستان اور کیمرون کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ چوتھا میچ پیراگوئے اور میکسیکو کی انڈر 17 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

17 نومبر تک برازیل میں جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 24 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان برازیل، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور انگولا گروپ بی میں نائیجیریا، ہنگری، ایکواڈور اور آسٹریلیا، گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہیٹی، فرانس اور چلی گروپ ڈی میں امریکا، سینیگال، جاپان اور ہالینڈ، گروپ ای میں سپین، ارجنٹائن، تاجکستان اور کیمرون جبکہ گروپ ایف میں میکسیکو، اٹلی، پیراگوائے اور سولومن جزائر شامل ہے۔

(جاری ہے)

ہر ٹیم تین تین گروپ میچ کھیلے گی اور ہر گروپ سے دو دو ٹاپ ٹیمیں ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔