انگوٹھی کے بدلے لاکھوں ڈالر کا خزانہ مل گیا

دوست کی منگنی کی انگوٹھی تلاش کرتے نوجوان کی لاٹری لگ گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 12 نومبر 2019 06:34

انگوٹھی کے بدلے لاکھوں ڈالر کا خزانہ مل گیا
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2019ء)  صدیوں سے لوگ خزانے زمین میں دفن کرتے چلے آئے اور بعد میں آنے والی نسلوں کو وہ خزانہ جب اچانک سے ملا تو ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہوتا تھا۔زیرزمین یا پھر کھنڈرات کی توڑ پھوڑ کے نتیجے میں سونے کی دیگ ملنے کا شوشا کافی عرصے تک بڑی شدومد سے سنائی دیتا رہا ہے۔مگر جیسے جیسے آبادی بڑھتی چلی گئی ویسے ہی زمین سے خزانے کی تلاش کی خبریں بھی کم ہوتی چلی گئی مگر آج بھی کبھی کبھار زمین سے خزانہ مل جانے کی خبر سنائی دے جاتی ہے۔

جیسا کہ شمالی آئر لینڈ سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں انگوٹھی ڈھونڈتے ڈھونڈتے ایک شخص کو 500 سال قدیم سونے کے سکے مل گئے۔برطانوی خبر رساں ادارے ”ڈیلی میل“ کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں ایک شخص کو دوست کی کھو جانے والی منگنی کی انگوٹھی ڈھونڈنے کے دوران 500 سال قدیم سونے کے تاریخی سکے مل گئے جن کی مالیت ایک لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً دو کروڑ پاکستانی روپے) بنتی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق 42 سالہ رینارڈ کے دوست کی منگنی کی انگوٹھی کھو گئی تھی، تلاش کے دوران دوست کی انگوٹھی تو نہیں ملی البتہ رینارڈ کو 500 سال پرانے سونے کے 84 سکے ملے۔ سکوں پر بادشاہ ہینری ہشتم کے دور کے 1500 صدی کے اوائل کی تاریخ درج تھی۔ماہرین کا کہنا تھا کہ سونے کے سکے ایک لاکھ پاﺅنڈکی مالیت کے ہیں۔ رینارڈ نے سکوں کے ملنے کو غیبی مدد قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہماری لاٹری لگ گئی ہو۔

ماہرین آثار قدیمہ کی ایک تحقیقی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ اس جگہ سے تاریخی حیثیت کے دیگر نوادرات بھی مل سکتے ہیں جس کے لیے اس جگہ کھدائی کرنا پڑی تو وہ بھی کریں گے۔اب دیکھتے ہیں کہ اس جگہ سے آثار قدیمہ مزید کیاکچھ کھود نکالتا ہے۔تاہم دوست کی منگنی کی انگوٹھی تلاش کرنے والا نوجوان اچانک سے خزانہ مل جانے پر بے حد خوش ہے۔