انسٹاگرام پر بھی ٹک ٹاک طرز کی ویڈیو بنائی جا سکیں گی

سوشل میڈیا سائٹ نے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 14 نومبر 2019 06:51

انسٹاگرام پر بھی ٹک ٹاک طرز کی ویڈیو بنائی جا سکیں گی
سان فرانسسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2019ء)   ٹک ٹاک کا نشہ ایسا نشہ ہے کہ جس کو بھی چمٹا ہے وہ اب سکون سے نہیں ہے یعنی ہر وقت اس کا موبائل سیلفی موڈ پر آن ہے اور مختلف گانوں، ڈائیلاگ۔ ایکٹ اور شاعری  پر ٹک ٹاک بھی بنائی جا رہی ہے۔ٹک ٹک کے بخار نے کئی لوگوں کے لیے مشکلات بھی پیدا کی ہیں یہی وجہ ہے کہ کئی ممالک نے اپنے ملک میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مگر ٹک ٹاک کا فیچر اتنا مقبول ہو گیاہے کہ دیگر سوشل میڈیا سائٹس نے بھی دس سے پندرہ سیکنڈ کا گانے پر ڈانس کرنے یا مزاحیہ ایکٹ کرنے کا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔اب انسٹاگرام پر بھی ٹک ٹاک طرز کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا فیچر سامنے آ گیا ہے۔فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام نے ٹاک ٹاک کی طرز پر نیا فیچر متعارف کرادیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے برازیل کے تمام اینڈرائیڈ اور آئی او ایس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ’انسٹاگرام ریلز‘ نامی فیچر متعارف کرادیا۔

انسٹاگرام ریلز استعمال کرنے والے صارفین ٹک ٹاک کی طرح اپنی پندرہ سیکنڈ کی ویڈیو بنا کر انہیں اسٹوریز میں شیئر کرسکتے ہیں۔فیچر استعمال کرنے والا صارف کمپنی کی جانب سے پیش کردہ میوزک کو اپنی ویڈیو میں شامل کرسکتا ہے جبکہ وہ مرضی سے اپنی پسند کا گانا بھی لگا سکتا ہے۔

انسٹاگرام ریلز استعمال کرنے والے صارفین بوم رنگ اور سپر زوم جیسی سہولیات سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس فیس بک انتظامیہ نے ٹک ٹاک کی ٹکر پر اپنی موبائل ایپ لانے کا عندیہ دیا تھا، کمپنی کی جانب سے ’لاسو‘ نامی موبائل ایپلی کشن امریکا میں آزمائشی طور پر متعارف کرائی گئی جس کا تجربہ ناکام رہا۔