متحدہ عرب امارات میں 65 فیصد انگلش ٹیچر نالائق نکلے

صرف 35 فیصد انگلش ٹیچر قابلیت جانچنے کا سالانہ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 10:35

متحدہ عرب امارات میں 65 فیصد انگلش ٹیچر نالائق نکلے
ابوظہبی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم والدین کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ اُن کے بچے جن ٹیچرز سے انگلش پڑھتے ہیں، اُن میں سے دو تہائی ٹیچرز اپنے سبجیکٹ کے معاملے میں نکمے ہیں۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب 65 فیصد انگلش ٹیچر اساتذہ کی قابلیت جانچنے کی خاطر لیے گئے سالانہ ٹیسٹ کو پاس کرنے میں ناکام رہے۔ یہ بات اماراتی وزیر تعلیم حُسین الحمادی نے العین میں ’تعلیم اور مستقبل‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کے دوران بتائی۔

الحمادی کا کہنا تھا کہ وزارت کی جانب سے لیے گئے سالانہ ٹیسٹ میں صرف 35 فیصد ٹیچرز مطلوبہ معیار پر پُورے اُتر سکے۔وزارت تعلیم مملکت میں تعلیم کے معیار کی بہتری کے لیے ہر وقت جدوجہد میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

جس کی خاطر مختصر دورانیے کے تربیتی کورسز بھی وقتاً فوقتاً کروائے جاتے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اماراتی یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے شہریوں کا انگریزی پڑھانے کامعیار خاصا بہتر ہے۔

جبکہ وزارت تعلیم نے انگلش ٹیچرز کے لیے قابلیت کا جو معیار مقرر کر رکھا ہے، اس معیار پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے کم درجہ حاصل کرنے والے کو قبول نہیں کیا جاتا ۔ الحمادی نے بتایا کہ وزارت تعلیم نے تمام ذیلی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنائیں۔ اسی وجہ سے تمام اساتذہ کی قابلیت کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

کیونکہ وزارت تعلیم کی تحقیقی و تفتیشی ٹیموں نے اپنی ایک رپورٹ میں سفارش کی تھی کہ معیار تعلیم کی بہتری کے لیے اساتذہ کی قابلیت کو بڑھانا ہوگا۔ اس رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی گئی تھی کہ اساتذہ کا تعلیمی معیار جانچنے کے لیے پوائنٹس سسٹم رکھا جائے، جو اساتذہ مقررہ پوائنٹس حاصل نہ کر سکیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جبکہ ًتمام سرکاری تعلیمی اداروں کو جاری سرکلر میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ معیار پر پُورا نہ اُترنے والے اساتذہ کی کم قابلیت سے متعلق اسباب بھی واضح کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :