میجر جنرل سعیدالزمان جنجوعہ میموریل پولو کپ ،ماسٹر پینٹس اور نیوایج کیبلز کی ٹیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعہ 4 دسمبر 2020 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام میجر جنرل سعیدالزمان جنجوعہ میموریل پولو کپ 2020ء کے چوتھے روز ماسٹر پینٹس اور نیوایج کیبلز کی ٹیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں آٹھ گول پولو کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل مقابلے میں ماسٹر پینٹس نے ٹیم باڑیز کو 10-8 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ماسٹر پینٹس کی طرف سے مارکوس پنیلو نے شاندار کھیل پیش کیا اور 7 خوبصورت گول سکور کیے جبکہ دیگر میں فاروق امین صوفی نے دو اور راجہ جلال ارسلان نے ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان اور ارینسٹو آسکر ٹروٹز نے چار چار گول سکور کیے۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں نیوایج کیبلز نے زبردست مقابلے کے بعد ایف جی پولو /ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم کو 7.5-6 سے ہرا دیا۔

نیوایج کیبلز کی طرف سے ایڈورڈ بینر ایو نے تین، سید محمد تراب رضوی نے دو، سید محمد اون رضوی اور المان جلیل اعظم نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ایف جی پولو /ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ٹام بروڈی نے تین، میر شعیب احمد نے دو اور میاں عباس مختار نے ایک گول سکور کیا۔ فائنل اتوار کو ماسٹر پینٹس اور نیوایج کیبلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔