یوم عاشور،شہریوں کی اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کا سلسلہ جاری

پیر 8 اگست 2022 16:31

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) فیصل آباد میں یوم عاشور کے باعث شہریوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری و فاتحہ خوانی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار قبروں کی مرمت اور پھول نچھاور کرنے کیلئے قبرستانوں کا رخ کر نے کا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔قبرستانوں میں جہاں عام دنوں میں ویرانیاں چھا ئی رہتی ہیں وہاں یوم عاشورکے باعث بڑی تعداد میں شہری اپنیٓبا و اجداد، والدین،بیوی بچوں،بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ داغ مفارقت دے جانیوالے اپنے پیاروں کی قبروں پرحاضری، قرآن پاک کی تلاوت،فاتحہ خوانی،قبروں کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر پھول نچھاور کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

دوسری جانب قبرستانوں کے باہر بیٹھے گورکنوں کا بھی خوب کمائی کا سلسلہ جاری ہے جو ایک قبر پر مٹی ڈالنے اور اس کی لپائی کرنے کیلئے 500سے 800روپے تک وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورکنوں کا کہنا ہے کہ سال میں ایک بار ہی محرم الحرام کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دینے کیلئے آتے ہیں اسلئے ہم عام دنوں کی نسبت کچھ زیادہ پیسے وصول کرلیتے ہیں اسی طرح پھول بیچنے والے بھی اپنی مرضی کے ریٹس سے پھول فروخت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بزرگ شہریوں کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم الحرام میں آنے کی روایت بڑی پرانی ہے اور اگر انسان یہاں آتا جاتا رہے تو یہ احساس ہوتا ہے کہ ایک دن ہم نے بھی یہاں آنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قبرستان میں آکر دعا کرنا اسلئے بھی افضل ہے کہ سانحہ کربلا اور حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اور ان کے صبرو استقلال کی مثال ہمارے سامنے آجاتی ہے جس سے نیک اعمال کرنے کا جذبہ بیدار اور ظلم کے سامنے کلمہ حق کہنے کی ہمت پیدا ہوجاتی ہے۔