دالیں بھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئیں

یوٹیلٹی اسٹور پر دالوں کی قیمتوں میں 15 سے 30 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 10 اگست 2022 23:35

دالیں بھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2022ء) دالیں بھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئیں، یوٹیلٹی اسٹور پر دالوں کی قیمتوں میں 15 سے 30 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سستی اشیاء کی فراہمی والے یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی کم قیمت اشیاء ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں قائم یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب مختلف دالوں کی قیمتوں میں واضح اضافہ کر دیا گیا ہے۔

مختلف دالوں کی فی کلو قیمت میں 30 سے 48 روپے تک یعنی 15 سے 30 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کالے چنے کی قیمت 172 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی۔ دال مسور کی فی کلو قیمت 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا کی فی کلو قیمت 235 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو اور ثابت مسور دال کی فی کلو قیمت 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔

(جاری ہے)

جبکہ دال مونگ کی فی کلو قیمت بھی 30 روپے اضافے کے بعد 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ برانڈڈ چائے، دودھ، مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، شہد، شیمپو اور دیگر اشیا مہنگی کردی گئیں۔ بتایا گیا کہ 950 گرام برانڈڈ چائے کی قیمت میں 198 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمت 697 روپے سے بڑھ کر 895 روپے ہوگئی۔

ایک لٹر برانڈڈ دودھ کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 177 روپے سے 197 روپے کر دی گئی ہے۔260 گرام شہدجار 115 روپے مہنگا کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 310 روپے سے بڑھ کر 425 روپے ہوگئی۔ علاوہ ازیں مختلف برانڈز کے شیمپو کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بچوں کے خشک دودھ کے ڈبے کی قیمت میں 90 روپے تک اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 1360 روپے سے 1450 روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :