مسجد الحرام سکول میں غیرملکیوں کو عربی سکھانے کے لیے پہلی بار کمپیوٹر لیب کا استعمال

جمعرات 23 فروری 2023 10:00

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2023ء) حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے سکول میں غیرملکیوں کو عربی زبان سکھانے کے لیے پہلی بار کمپیوٹر لیب استعمال کی جائے گی۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی نے مسجد الحرام کے سکول ’معھد الحرم المکی الشریف‘ میں غیرملکیوں کو عربی زبان سکھانے کے لیے پہلی بار کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر تے ہوئے کہا کہ حرم مکی سکول میں غیر عربوں کو عربی زبان کی تعلیم و تدریس کے لیے کمپیوٹر لیب سے کام لیا جائے گا۔

ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ قرآن پاک کی عمدہ تلاوت سکھانے، غیر عربوں کو عربی زبان کا ماہر بنانے کے لیے کمپیوٹر سے بھرپور استفادہ ہو گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے متعدد پروگرام تیار کر لیے گئے ہیں۔ سکول اساتذہ کو تعلیم و تدریس میں کمپیوٹر سے استفادے کے کورس کرائے گئے ہیں۔ طلبہ کو بھی اس حوالے سے تمام بنیادی امور سے واقف کرایا جائے گا۔ سکول انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ سعودی وژن 2030 اور ڈیجیٹل تبدیلی سے ہم آہنگ وسائل و ذرائع متعارف کرائے جائیں۔ نیا تعلیمی نظام نافذ کیا جائے اور تعلیمی پیغام کی ادائیگی میں موثر کردارادا کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم سے کام لیا جائے۔