فیفا ویمنزورلڈ کپ میں سویڈن اور جنوبی افریقا پری کوارٹر فائنل میں داخل

بدھ 2 اگست 2023 16:04

ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2023ء) فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں سویڈن ارجنٹائن کو اور جنوبی افریقا نے اٹلی کی خواتین ٹیم کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئی۔فیفا کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری ہیں ۔ فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ 2023 کا نواں ایڈیشن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جارہا ہے۔

بدھ کو کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں سویڈن اور ارجنٹائن کی ٹیمیں وائیکاٹو اسٹیڈیم، ہیملٹن کے مقام پر آمنے سامنے تھیں جس میں سویڈن کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کی ویمن ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔ سویڈن کی فتح میں ربیکا ماریا بلومکیوسٹ اور ایلن انگرڈ جوہانا روبنسن نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس فتح کے ساتھ ہی سویڈن کی ٹیم میگا ایونٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن امریکا سے ہوگا۔ گروپ جی کے ہی ایک اور میچ میں جنوبی افریقا اور اٹلی کی ٹیمیں ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم، ویلنگٹن میں نبرد آزما تھیں جس میں جنوبی افریقا کی خواتین ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد اٹلی کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

بینڈیٹا اورسی،ہلداہ ماگیا اور تھیمبی کگتلانہ نے ایک ایک گول کرکے جنوبی افریقا کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اٹلی کی طرف سے ربیکا بلومکیوسٹ اور ایلن روبنسن نے ایک ایک گول کیا۔ پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں سویڈن کا مقابلہ دفاعی چیمپئن امریکا سے ہوگا جبکہ جنوبی افریقا کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔\932