وومن چیمبر خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اورانکی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہے، صدر وومن چیمبر آف کامرس

منگل 5 مارچ 2024 15:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) فیصل ۱ٓباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرروبینہ امجدنے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ملک کی وزیر اعظم، سپیکر اسمبلی، پائلٹس، انجینئرز، ڈاکٹرز،سائنسدان،آئی ٹی ماہرین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے جبکہ معاشرے میں 51فیصد خواتین کو اپنا اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے مساوی حیثیت سے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا نیزاگرورکنگ وومن اپنی عزت و عظمت کا خیال رکھتے ہوئے اپنا کام ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیں گی تو کامیابی انکا مقدر بنے گی۔

وومن بزنس کمیونٹی کی خواتین سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستانی معاشرہ کے ہر شعبہ میں بھرپور ترقی یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کی بدولت انہوں نے پہلے بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے ۔صدر وومن چیمبر نے مزید کہا کہ دین اسلام نے عورتوں کو باعزت مقام دیا ہے جنہیں حقوق فراہم کئے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش ۱ٓئند ہے کہ حکومت خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر بااختیار اور برسرروزگار کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھا اور حقوق نسواں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی سے بہترنتائج حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وومن چیمبر آف کامرس خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اورانکی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہے تاکہ ووکیشنل ادارں سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو روزگار کے بہترین و یکساں مواقع میسر آسکیں۔

انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے، ان کو جائز حقوق دلانے اور ان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے لہٰذا ہماری خواتین کو چاہیے کہ وہ صنعتی، کاروباری، تجارتی، در۱ٓمدی، بر۱ٓمدی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی تعمیرو ترقی اور فلاحی کاموں کیلئے بھی آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں سماجی او معاشی مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت نے خواتین طبقہ کیلئے بہترو وسیع روزگار اور ہنر مند بنانے کیلئے بلامعاوضہ ٹیکنکل ٹریننگ پروگرام شروع کئے ہوئے ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وہ ہنر سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دیگر خواتین کو بھی اس جانب راغب کریں۔

متعلقہ عنوان :