کرسٹیانو رونالڈو بھی امتِ مسلمہ کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مذہبی تہوار کا حصہ بن گئے

جمعہ 12 اپریل 2024 13:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) سعودی پرو لیگ میں النصر کلب کی قیادت کرنے والے پرتگالی اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو بھی امتِ مسلمہ کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مذہبی تہوار کا حصہ بن گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پرتگالی اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے سفید شرٹ زیب تن کر کے تصویر پوسٹ کی ہے۔

(جاری ہے)

مذکور پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے مسلمانوں کے مذہبی تہوار عید الفطر کے موقع پر دنیا بھر میں امن و امان کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کردہ اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے عید مبارک! اس خاص دن کے موقع پر آپ سب کو خوشیاں، امن اور سلامتی نصیب ہو۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو مسلمانوں کے رنگ میں رنگے ہوں، بلکہ اس سے قبل انہوں نے الشباب کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے فیصلہ کن گول کے بعد مبینہ طور پر عاجزی سے سجدہ شکر ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ کرسٹیانو رونالڈو کو ماضی میں ایک ویڈیو میں اسلامی طریقے سے سلام کرتے اور گرم جوشی سے ملتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔