انگلینڈ کے سابق کرکٹر ڈیرک انڈرووڈ 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

پیر 15 اپریل 2024 20:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) انگلینڈ اور کینٹ کے سابق کرکٹر ڈیرک انڈرووڈ 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اپنے وقت کے بہترین سپن بائولر نے 1966 سے 1982ء کے دوران انگلینڈ ٹیم کی طرف سے 86 ٹیسٹ میچوں میں 297 وکٹیں حاصل کیں، یہ کسی بھی انگلش سپن بائولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں، انہوں نے 26 ون ڈے انٹرنیشنل میں 32 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ڈیرک انڈرووڈ نے اپنے 24 سالہ ڈومیسٹک کیریئر میں اپنے ہوم ٹائون کینٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے 676 فرسٹ کلاس میچوں میں مجموعی طور پر 2465 وکٹیں حاصل کیں۔ انڈرووڈ 2009ء میں میریلیبون کرکٹ کلب کے صدر بھی رہے ۔ کینٹ کرکٹ چیئر سائمن فلپ نے کہا کہ کلب اپنے بہترین کرکٹرز میں سے ایک سے محروم ہوگیا ہے، ڈیرک نے متعدد بار اپنی پرفارمنس سے اپنے ملک اور کلب کو فتح سے ہمکنار کروایا، ان کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :