عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ کی پیشن گوئی کر دی گئی

ماہرین فلکیات نے دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ہی دن عید قربان ہونے کا امکان ظاہر کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اپریل 2024 19:33

عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ کی پیشن گوئی کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2024ء) عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ کی پیشن گوئی کر دی گئی، ماہرین فلکیات نے دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ہی دن عید قربان ہونے کا امکان ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کو ایک ہفتے کا وقت گزرنے کے بعد جہاں حج بیت اللہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، وہیں دنیا بھر کے مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الاضحٰی کس تاریخ کو ہو گی۔

اس حوالے سے مصر سے تعلق رکھنے والے ماہرین فلکیات نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی۔ مصر میں وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے فلکیاتی حسابات سے بتایا کہ دنیا کے بیشتر حصوں میں عیدالاضحیٰ 16 جون 2024 کو منائے جانے کا امکان ہے جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ذی الحج کے مہینے کا آغاز جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا۔ تاہم ہر ملک میں عید الاضحٰی کی حتمی تاریخ کا اعلان وہاں کی حکومتوں کے متعلقہ ادارے کریں گے۔ جبکہ واضح رہے کہ اس سے قبل امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ فلکیاتی حساب سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024ء میں متحدہ عرب امارات میں یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کے موقع یو اے ای میں 5 دن کی چھٹی ہو سکتی ہے۔

یوم عرفہ 9 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے اور اسلامی تہوار عید الاضحیٰ اس کے بعد کے تین دنوں میں منایا جاتا ہے، رواں برس اتوار 16 جون سے بدھ 19 جون بشمول اختتام ہفتہ یعنی 15 جون کو ملاکر اس تہوار کے موقع پر پانچ دن کی چھٹی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی نیا سال کے دوران 1 دن کی چھٹی ہوگی، 2024ء کا نیا اسلامی سال جولائی میں آتا ہے اور یکم محرم ہجری سال کا پہلا دن اتوار 7 جولائی کو آنے کی توقع ہے۔