نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے‘ چوہدری شافع حسین

پیر 22 اپریل 2024 19:49

نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے‘ چوہدری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ انیشیٹو 2024کے خدوخال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو پرائس کنٹرول کے حوالے سے مجوزہ قانون سازی کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اے ڈی پی کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے 16کالجز اور پی وی ٹی سی کے 3اداروں کو سینٹرز آف ایکسیلنس بنایا جا رہا ہے۔پروگرام کے تحت فوڈ پراسیسنگ، انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس اور کنسٹرکشن سیکٹرز سمیت 8 شعبوں میں سنٹر آف ایکسیلنس بنیں گے اور ان اداروں کے لئے علیحدہ بورڈ آف مینجمنٹ بنے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت مفت شارٹ کورسز کرائے جائیں گے۔16اضلاع کے 35اداروں میں عالمی سرٹیفیکیشن کے ساتھ 6کورسز کرائے جائیں گے۔کورسز 15مئی سے شروع ہوں گے، آئی ٹی ماہرین تربیت دیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل یونیورسٹیوں اور اداروں میں طلبہ اور سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کا نظام جلد لا گو کیا جائے۔

نئی عمارتیں بنانے کی بجائے پہلے سے موجود اداروں کی اپ گریڈیشن پرفوکس کیا جائے۔معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے لئے ادارے مربوط انداز سے کام کریں۔صوبائی وزیر نے ٹیوٹا کی ویب سائٹ میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،چیئرمین ٹیوٹا،ڈی جی انڈسٹریز،ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سینئر اکنامک ایڈوائزر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :