مشیرکھیل خیبرپختونخواسے سابق انٹرنیشنل کرکٹرزکی ملاقات ،صوبہ میں کرکٹ کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 23 اپریل 2024 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان سید فخر جہا ن سے منگل کے روزسابق انٹرنیشنل کرکٹرزراشد لطیف اوروجاہت اللہ واسطی نے ملاقات کی اورصوبہ میں کرکٹ کے فروغ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی عبدالمنعم خان ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر کھیل اور سابق انٹرنیشنل کرکٹرزراشدلطیف اوروجاہت اللہ واسطی نے بات چیت کے دوران صوبہ میں کھیلوں کے فروغ اور بالخصوص انٹرنیشل کرکٹ ایونٹس کے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ۔مشیر کھیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے لیگ میچ بھی کھیلے جائیں گے اور ہماری یہ کوشش ہے کہ صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ کے میچز بھی جلد از جلد منعقد ہوں ۔سید فخر جہان نےمزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کےانفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کو بہتر ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔