قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے وزیر خزانہ اورنگزیب خان کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد

منگل 23 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے وزیر خزانہ اورنگزیب خان کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی تو معیشت کا پہیہ چلے گا اور غریب کا چولہا جلے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا کہ وزیر خزانہ اورنگزیب خان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ملکی معیشت کیلئے سب سے ضروری چیز آئین و قانون کی پاسداری ہے، وہ ہو گا تو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی، معیشت کا پہیہ چلے گا، فارن براہ راست سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے، صنعت، لارج سکیل مینو فیکچرنگ اور چھوٹی صنعتوں کو قرض دیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے دیئے جانے والے قرض میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، نجی شعبہ سے ملازمتیں آتی ہیں، زرمبادلہ آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم پالیسی کی وجہ سے مڈل مین گندم خرید کر کے ذخیرہ کر لے گا پھر اس سے روٹی کی قیمت بڑھ جائے گی۔