ترجمان قومی اسمبلی کی چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سے منسوب میڈیا میں چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید

بدھ 24 اپریل 2024 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ترجمان قومی اسمبلی نے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سے منسوب میڈیا میں چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر سپیکر قومی اسمبلی سے منسوب چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کے حوالے سے چلنے والی خبر جس میں کہا گیا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت یا کسی بھی اور معزز ممبر قومی اسمبلی کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نہیں بنایا جائے گا، من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے۔قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ نمبر 215کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کو قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب، کمیٹی ارکان اور کمیٹی چیئرمین مقرر کرنے کا اختیار ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ قومی اسمبلی کی روایت ہے کہ قائمہ کمیٹیاں اور ان کے چیئرمین تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت اور رضامندی سے تشکیل دی جاتی ہیں اور سپیکر قومی اسمبلی اس اتفاق رائے کو قائم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :