خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں میٹرک امتحانات میں پرچے آئوٹ ہونے کا سلسلہ جاری

بدھ 24 اپریل 2024 19:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ڈی آئی خان، بنوں اور مالاکنڈ میں میٹرک امتحانات میں پرچے آئوٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر تعلیمی بورڈز کے تحت جاری امتحانات میں 20 ،22، 23 اپریل کے پرچجے آئوٹ ہونے کے بعد بدھ کے دن کا پیپر بھی آئوٹ ہو گیا۔ اس سے امتحانات کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز ڈی آئی خان میں پیپر 9 بجے سے پہلے ہی آئوٹ ہو گیا جبکہ مالاکنڈ میں بھی تواتر کے ساتھ پیپرآئوٹ ہو رہے ہیں، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم نے پیپرآئوٹ ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مالاکنڈ ڈویژن کے کمشنر ثاقب رضا کو انکوائری افسر مقرر کیا لیکن پھر بھی پیپرز لیک ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں کوآرڈینیشن سیل کی جانب سے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا تھا جو بالکل ناکام رہا۔

دوسری جانب ایبٹ آباد بورڈ کے کل ہونے والے انگلش پیپر میں غلطیاں سامنے آئیں ۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کو پرچہ آئوٹ ہونے سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔