تمام ڈپٹی کمشنرز کو چاہیے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سرکاری وصولی کے عمل کا جائزہ لیں اور تمام تر تفصیلات حاصل کریں، کمشنر نصیر آباد ڈویژن

بدھ 24 اپریل 2024 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) کمشنر نصیر آباد ڈویژن طارق قمر بلوچ نے کہا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سرکاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں ،جن اضلاع میں سرکاری واجبات کی وصولی میں کمی بیشی دیکھی جا رہی ہے وہ اس عمل کو تیز کر دیں ،محکمہ ریونیو کے افسران اور ملازمین سرکاری ٹیکسز کی وصولی کے تناسب میں سدھار لائیں ،اگر ملازمین کی جانب سے صحیح معنوں میں کام نہیں کیا جا رہا تو ان کے خلاف افسران ایکشن لیں ،ہمیں ہر صورت سرکاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنانا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے افسران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نصیر آباد بتول اسدی ،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد میر باز خان مری ،ڈپٹی کمشنر جھل مگسی محمد اعجاز سرور،اسسٹنٹ کمشنر عبدالناصر کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالستار مینگل ،سپرینڈنٹ نور احمد ڈومکی سمیت دیگر آفسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز اور ان کے نمائندگان نے اپنے اپنے اضلاع میں سرکاری واجبات کی وصولی کے متعلق فرداً فرداً آگاہی بھی فراہم کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیر آباد ڈویژن طارق قمر بلوچ نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو چاہیے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سرکاری وصولی کے عمل کا جائزہ لیں اور تمام تر تفصیلات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ چار سالہ جمع بندی کو مکمل کرنے کے لیےبھی سختی سے احکامات جاری کریں ،جن علاقوں سے زمینداروں کی جانب سے سرکاری واجبات کی ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا جا رہا ان زمینداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ،کوشش کی جائے کہ ریونیو کیسز جلد از جلد نمٹایا جائے ،تمام ٹاونز ایریا میں رجسٹریشن کے عمل کو بھی تیز کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :