لاڑکانہ،ای کامرس کورسز کے طلبا کے درمیان مڈ ٹرم مقابلے کا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2024 21:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)نے لاڑکانہ میں ڈاٹ کام انسٹی ٹیوٹ آف آئی ٹی میں گرافکس اور ای کامرس کورسز کے طلبا کے درمیان مڈ ٹرم مقابلے کا انعقاد کیا۔ جس میں دونوں شعبوں کے 40 طلبا نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اسی طرح گرافک ڈیزائننگ میں سلیم مگسی نے پہلی، راجہ منصور نے دوسری جبکہ اشفاق سانگی اور غلام فاطمہ نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ای کامرس میں عزیر علی نے پہلی، دانیال سومرو نے دوسری جبکہ مصور حسین اور محمد اویس عباسی نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی عمران اللہ عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوٹیک اور دیگر نے طلبا میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر نیو ٹیک عمران اللہ عباسی نے کہا کہ مڈ ٹرم مقابلوں کا مقصد طلبا و طالبات میں ترقی کا جذبہ پیدا کرنا ہے تاکہ وہ مزید محنت کر کے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے فنی تعلیم اور آرٹسٹک کورسز بہت ضروری ہیں کیونکہ دنیا بھر سے بہت سے نوجوان ای کامرس اور نیوٹیک جیسے دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے ہر ماہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ طلبا کو فنی تعلیم دینے کے لیے کورس کرایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنا کورس مکمل کرنے کے بعد نہ صرف روزگار حاصل کر سکیں بلکہ بہت سے دوسرے لوگوں کو بھی روزگار فراہم کریں جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور بہت سے مسائل بھی حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :