نیب نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کا نوٹس لے لیا

بدھ 24 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) نیب نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر نیب نے نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے خط قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہوا ہے جس میں 2018ء سے مارچ 2024ء تک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کی جانے والی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں سابق سپیکر اسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف کے ادوار میں کی گئیں بھرتیوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں اور بھرتیوں کے طریقہ کار پر جواب طلب کیا گیا ہے کہ آیا بھرتیوں کی وزارتِ خزانہ سے منظوری لی گئی یا نہیں۔

بھرتیوں کیلئے ٹیسٹ اور انٹرویز کئے گئے یا نہیں اخبارات میں بھرتیوں کے اشتہارات شائع ہوئے یا نہیں۔ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ اور مستقل رکھے جانے والے افراد سے متعلق الگ الگ تفصیلات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دونوں سابق سپیکرز کے دور میں بھرتیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔