کتاب کسی بھی قوم کی تہذیب و ثقافت اور ترقی کا زینہ ہوتی ہے،مبشر اقبال

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہا ہے کہ کتاب روشن مستقبل کی راہیں متعین کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم کی لائبریری میں کتاب کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں آغوش کیئر ہوم کے ا ساتذ ہ اور بچوں نے شرکت کی ۔

کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہا کہ کتاب کسی بھی قوم کی تہذیب و ثقافت اور ترقی کا زینہ ہوتی ہے۔کتاب ذہن و فکر میں وسعت لاتی ہے آج کی جدید سائنس کاترقی یافتہ منظر نامہ بھی کتاب کا مرہون منت ہے۔کتاب روشن مستقبل کی راہیں متعین کرتی ہے۔کرنل(ر) مبشر اقبال نے بچوں کو بتایا کہ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ایک ہزار کتابیں لکھ کر علمی ذخیرے میں اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کتاب بینی کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ جہالت اور لاعلمی کو دو ر کھنے کیلئے کتابوں کو دوست بنانا ہو گا،کتب خانوں سے تعلق جوڑنا ہو گا کیونکہ کتاب سے دوستی رکھنے والا کبھی تنہا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب تربیت اور تعلیم میں جو اہم کردار ادا کرتی ہے کوئی بھی معاشرہ اس کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کر سکتا۔