یورین کلچر ٹسٹ کے چارجز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی معلومات بے بنیاد اور غلط ہیں، انتظامیہ مردان میڈیکل کمپلیکس

جمعرات 25 اپریل 2024 17:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) مردان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہسپتال میں یورین کلچر ٹسٹ کے چارجز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی معلومات بے بنیاد اور غلط ہیں۔ مردان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مردان میڈیکل کمپلیکس مردان ڈویژن کا واحد ہسپتال ہے جہاں پر عوام کی سہولت کے لئے مائیکروبائیولوجی سیکشن قائم کیا گیا ہےجہاں بلڈ، یورین اور پس (Puss) کلچر ٹسٹ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق کئے جاتے ہیں۔

یورین اور پس کلچر ٹسٹ پر دوسرے سروسسز کے علاوہ صرف کیمیکل اور ریجنٹس کی مد میں بالترتیب 865 اور 1121 روپے خرچہ آتا ہے۔ ان ٹسٹس کا دورانیہ 3 سے 7 دن تک ہے جس دوران مریض سے حاصل کئے گئے نمونوں کو مختلف مراحل سے گزار کر مرض کی تشخیص کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ پیچیدہ ٹسٹ ہیں اور ان کے چارجز حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی کم سے کم حد جو کہ 1500 روپے ہے ،کے مطابق مقرر کئے گئے ہیں۔

پرائیویٹ لیبارٹریز میں ان ٹسٹس کی مد میں مریضوں سے 3250 سے 3650 ہزار روپے لیے جاتے تھے جس کو دیکھتے ہوئے مردان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے لوگوں کو کم سے کم قیمت میں اس سہولت کی فراہمی کیلئے ہسپتال میں ان ٹسٹس کی سہولت کی فراہمی کا آغاز کیا۔مردان میڈیکل کمپلیکس میں ان ٹسٹس کے چارجز قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد جاری شدہ ٹینڈر کے عین مطابق مقرر کئے گئے ہیں اور مریضوں سے اس مد میں کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جاتی۔ ان ٹسٹس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی معلومات بے بنیاد اور غلط ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ۔

متعلقہ عنوان :