بوٹی مافیا کا راستہ بند،لاہور سمیت صوبہ بھر کے حساس امتحانی مراکز میں کیمرے نصب

جمعرات 25 اپریل 2024 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر 638حساس امتحانی مراکز میں کیمرے لگا دئیے گئے۔لاہور سمیت صوبہ بھر کے حساس امتحانی مراکز میں کیمرے انسٹال کردئیے گئے ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 638حساس امتحانی سنٹرز میں 2697کیمرے انسٹال کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لئے 2395 امتحانی سنٹر قائم کئے گئے ہیں،کل امتحانی مراکز میں سے 823امتحانی سنٹرز حساس قرار دئیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ لاہور میں تاحال 8حساس امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، امتحانی مراکز میں کیمروں کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ مانیٹرنگ کے لئے 2مقامات پر کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں،مانیٹرنگ یونٹ سے تمام سنٹرز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر نے بتایا کہ کنٹرول روم میں ڈسٹرکٹ وائز مانیٹرنگ کی سہولت موجود ہے،ون کلک پر کسی بھی ڈسٹرکٹ کے امتحانی سنٹر کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔