میڈیا کا کردار کسی بھی جمہوری ریاست میں بہت اہم ہے ، صحافت اگر مثبت طریقے سے فعال ہو تو اس سے ایک مثالی ملک بن سکتا ہے ، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی

جمعرات 25 اپریل 2024 22:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ میڈیا کا کردار کسی بھی جمہوری ریاست میں بہت اہم ہے جس سے کوئی بھی انکاری نہیں ہو سکتا، کسی بھی ریاست کا شعبہ صحافت اگر مثبت طریقے سے فعال ہو تو وہ ایک مثالی ملک بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس گیلری میں صحافیوں سے تعارفی اجلا س میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے کانفرس روم میں منعقد ہ اجلاس میں سپیکر اسمبلی نے پالیمانی صحافیوں سے بطور سپیکر پہلے اجلاس میں شرکت کی جس کا مقصد پریس گیلری کے صحافیوں سے تعارف کے ساتھ ساتھ انکو درپیش مسائل پر بات چیت کرناتھی۔ اجلاس میں پریس گیلری کی کابینہ نے اپنے صدر گلزار خان اور جنرل سیکرٹری رسول داوڑ کی قیادت میں اپنے مسائل سپیکر اسمبلی کے سامنے رکھے۔

(جاری ہے)

پریس گیلری صدر نے صحافیوں کی استعدکار بڑھانے کے لیے ورکشاپس، مطالعاتی دوروں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں میں صحافیوں کی براہ راست رسائی، اسمبلی داخلی کارڈز، میڈیا روم میں انٹرنیٹ کی درجہ بندی اور میڈیا ڈی ایس این جی سنگل لنک کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے تعلقاتِ عامہ کے ذمہ داران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پریس گیلری کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر داخلی کارڈز کے اجراء کے منظم طریقہ کار کو اپنایا جائے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی میٹنگز میں براہ راست صحافیوں کی رسائی پر سپیکر اسمبلی نے کہا کہ پریس گیلری اپنے چند صحافیوں کو نامزد کر دے جنکو میٹنگ روم میں رسائی دی جا سکے گی کیونکہ تمام صحافیوں کو بٹھانا ممکن نہیں۔سپیکر اسمبلی نے صحافیوں کے ورکشاپس پر مثبت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم ان ہاؤس ورکشاپس کا انعقاد کریں گے جبکہ اس سلسلے میں PIPS سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ ہم مل کر ایک اچھا ورکنگ ریلیشن قائم کریں گے تاکہ بہترین انداز میں عوامی نمائندگی کا حق ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :