مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کا ضلع کرک میں منشیات بحالی مرکز کا اچانک دورہ

سہولیات کی عدم موجودگی و ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر سمیت متعلقہ سٹاف معطل

جمعرات 25 اپریل 2024 19:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰة و عشر، سماجی بہبود و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے ضلع کرک میں واقع منشیات بحالی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے بحالی مرکز کے مجموعی حالات، سہولیات کی عدم موجودگی اور ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

منشیات مرکز کرک میں مریضوں کو ایک ہی کمرے میں رکھا گیا تھا۔ گزشتہ تین دنوں سے پانی کی فراہمی معطل تھی جبکہ ہیپاٹیٹس کے مریض کو دوسرے مریضوں کے درمیان رکھا گیا تھا۔ بحالی مرکز ریہب آفیسر اور متعلقہ ڈاکٹر بھی ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے۔جس کا سختی سے نوٹس لیا۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے ناقص کارکردگی پر بحالی مرکز کے ریہب آفیسر اور ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر کرک سمیت متعلقہ عملے کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری شروع کرنے کے احکامات دئیے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی وغفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت عوامی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔ وہ محکمے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کررہی ہیں اور وہاں محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں، خصوصی تعلیم کے قائم اداروں کا جائزہ خود لے رہی ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں مزید دوروں کا بھی عندیہ دے دیا۔