قومی اسمبلی نے خواتین سیاسی رہنمائوں کیخلاف اراکین کی جانب سے نازیبا الفاظ اور لب و لہجے کے سدباب کی قرارداد منظور کر لی

جمعرات 25 اپریل 2024 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) قومی اسمبلی نے خواتین سیاسی رہنمائوں کیخلاف اراکین کی جانب سے نازیبا الفاظ اور لب و لہجے کے سدباب کی قرارداد منظور کر لی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ریاض حسین پیرزادہ نے قرا رداد پیش کی کہ یہ ایوان اراکین کی جانب سے خواتین سیاسی رہنمائوں کیخلاف نازیبا الفاظ اور لب و لہجے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام خواتین سیاسی رہنمائوں اور ورکرز کی عزت کا تحفظ کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان یقینی بنائے کہ سیاسی اختلافات میں خواتین کیخلاف بیانات کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ اس رویئے سے خواتین کیلئے سیاست میں گنجائش کم ہو رہی ہے اور خواتین سیاستدان خاندانوں کو ذہنی اور جذباتی دبائو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان کے تمام اراکین کو پابند کرنا چاہئے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔ ڈپٹی سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دیدی۔