چین سربیا دوستی میں نیا کردار ادا کریں،چین کے صدر کا سربیا کے سمیڈریوو میں اسٹیل ورکرز کو جوابی خط

خوشی ہے اسٹیل پلانٹ میں چینی مالی تعاون سے چلنے والے ادارے کی سرمایہ کاری کے بعد اس کا نقصان تیزی سے منافع میں بدل گیا ہے، خط کا متن

بدھ 1 مئی 2024 21:21

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) چین کے صدر شی جن پھنگ نے سربیا کے ایچ بی آئی ایس سمیڈریوو اسٹیل پلانٹ کے کارکنوں کو جوابی خط میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ چین سربیا دوستی میں نیا کردار ادا کریں۔بدھ کو چینی صدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہاگیاکہ 2016 میں سربیا کے سرکاری دورے میں انہوں نے سمیڈریوو اسٹیل پلانٹ میں مزدوروں سے روبرو ملاقات کی تھی جس میں چین، سربیا باہمی مفید تعاون میں ان کی معاونت اور اسٹیل پلانٹ کے روشن مستقبل میں ان کی اعلیٰ توقعات کو گہرائی سے محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے خط سے انہیں علم ہوا کہ دونوں اطراف کی انتظامی ٹیمیں اور خود کارکنوں کی مشترکہ کاوشوں سے اسٹیل پلانٹ ایک نئی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے سمیڈریوو شہر کی ترقی میں مستحکم معاونت میسر آئی۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ اسٹیل پلانٹ میں چینی مالی تعاون سے چلنے والے ایک ادارے کی سرمایہ کاری کے بعد اس کا نقصان تیزی سے منافع میں بدل گیا ہے جس سے 5 ہزار سے زائد عملے کو ملازمت کا تحفظ ملا اور ہزاروں خاندان پرامن اور خوشگوار زندگی سے لطف اندوز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیل پلانٹ کی ترقی ان مزدوروں کی لگن اور محنت کے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی جو اسٹیل پلانٹ کی تیز رفتار ترقی کیلئے تندہی سے کام کررہے ہیں جبکہ یہ محنت کش چین اور سربیا کے درمیان آہنی دوستی کا ایک نیا باب رقم کررہے ہیں۔چینی صدر نے جوابی خط میں محنت کشوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی۔

متعلقہ عنوان :