انسداد ڈینگی کے لئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت

جمعرات 9 مئی 2024 13:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) حکومت نے موسم گرما کے دوران انسداد ڈینگی کیلئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ اور انٹی ڈینگی ٹیموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی روزانہ کی کارروائی کو ویب پورٹل پر اپ لوڈ کرنے سمیت اینڈ رائڈ موبائل فونز کو فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ ضلعی وتحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز برائے انسداد ڈینگی کے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور متعلقہ حکام پر واضح کردیاگیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت،کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی کی مکمل انداز میں روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک کریں اور ڈینگی کی افزائش کے ذرائع کا سو فیصد صفایا ہونا چاہیے جبکہ اس سلسلہ میں اینٹی ڈینگی ٹیموں کو مزید متحرک کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی روزانہ کی کارروائی کو ویب پورٹل پر اپ لوڈ کرنے جبکہ اینڈ رائڈ موبائل فونز کو فنکشنل رکھنے کا بھی حکم دیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں میں انسداد ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کا احساس برقرار رکھنے کیلئے تشہیر کے تمام ترذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔